کراچی: نیشنل اسپورٹس سینٹر کی جھاڑیوں سے 7 سالہ بچے کی لاش برآمد
کراچی:(ملت آن لائن) اسٹیڈیم روڈ پر نیشنل اسپورٹس سینٹر کی جھاڑیوں سے ایک 7 سالہ بچے کی لاش ملی، جسے مبینہ طور پر زیادتی کے بعد گلا دبا کر قتل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقتول بچہ حسن شاہ اسپورٹس سینٹر کے چوکیدار کا بیٹا تھا، جو جمعرات (یکم فروری) کی دوپہر سے لاپتہ تھا، بچے کی لاش شام میں جھاڑیوں سے ملی۔ پولیس کے مطابق بچے کا پوسٹ مارٹم کروا کر کیمیکل کے نمونے حاصل کرلیے گئے اور شبہ ہے کہ بچے کو زیادتی کے بعد گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ میڈیکل رپورٹس کے بعد ہی حتمی طور پر کچھ کہا جاسکے گا۔ مقتول بچے کی تدفین نوشہرہ میں کی جائے گی۔