کراچی:(اے پی پی)کراچی وزیر اعلیٰ ہائوس کے سامنے کچرا پھینکنے والے سہری عالمگیر خان کی ضمانت منظور کر لی گئی ہے ، عالمگیر خان کو گزشتہ روز وزیر اعلیٰ ہائوس کے سامنے کچرا پھینکنے کے الزام میں کچرے والی گاڑی کے ڈرائیور سمیت گرفتار کر لیا گیا تھا ۔ ملزم کو آج سٹی کورٹ میں پیش کیا گیا جہاں مجسٹریٹ نے دونوں افراد کی پانچ پانچ ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کر لی ، اس موقع پر عالمگیر خان کا میڈیا سے گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ وہ معاشرے میں کسی قسم کا انتشار نہیں پھیلانا چاہتا بلکہ اس کی کوشش ہے کہ وہ اس شہر کو صاف رکھنے کے حوالے سے میڈٰیا کے ذریعے عوام میں شعور اجاگر کرے ۔ انہوں نے کہا کہ کل جو کچھ ہوا اس سے ایک تحریک نے جنم لیا ہے ، وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کا امتحان شروع ہو گیا ہے ، عمران اسماعیل اور تحریک انصاف کے رہنمائوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے میرا ساتھ دیا ، انہوں نے کہا کہ میں کل بھی ایک پیغام لے کر آیا تھا ، میں نے اپیل کی تھی کہ کراچی میں کچرے سے بجلی پیدا کی جاسکتی ہے اور جب میری درخواست نہیں سنی گئی تو میں نے احتجاج کا راستہ اختیار کیا ۔ میرے پاس مستقبل کے مزید کئی پروگرامز ہیں اور جھوٹے مقدمے فکس اٹ کا راستہ نہیں روک سکتے ، میں انتظامیہ کے خلاف بھی مقدمہ درج کرائوں گا ۔