خبرنامہ سندھ

کراچی: ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) نیٹی جیٹی پل پر تیز رفتار ٹرالر کی گاڑی کو ٹکر سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہو گئے۔

کراچی کے علاقے کیماڑی میں نیٹی جیٹی پل پر تیز رفتار ٹرالر نے موڑ کاٹتے ہوئے سوزوکی پک اپ، ایک گاڑی اور موٹر سائیکل کو روندھ ڈالا جس کے نتیجے میں سوزوکی پک اپ مکمل طور پر تباہ ہو گئی جب کہ دیگر گاڑیوں کو جزوی نقصان پہنچا۔ حادثے میں سوزوکی پک اپ میں سوار 65 سالہ نسیم اختر، 35 سالہ فرزانہ شفیق، 12 سالہ مناب، 6 سالہ آمنہ اور گاڑی کا ڈرائیور شامل ہے۔

حادثے میں جاں بحق افراد ایک ہی روز قبل لاہور اور گجرانوالہ سے کراچی آئے تھے اورعبداللہ شاہ غازی کے مزار پر حاضری دینے کے بعد بلدیہ سعیدآباد میں واقع گھر واپس جا رہے تھے۔

حادثے کے بعد ٹرالر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا جب کہ کلینر کو حراست میں لے لیا گیا، پولیس کے مطابق حادثے کا مقدمہ ڈاکس تھانے میں درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔