کراچی: (اے پی پی)کراچی میں دو بہادر ٹریفک پولیس اہل کاروں نے شہری کے اغوا کی کوشش ناکام بنا دی ۔اہل کاروں نے نہ صرف مغوی کوبحفاظت بازیاب کرالیا بلکہ 1 اغواکار کو گرفتار بھی کرلیا۔ چالان صرف گاڑیوں کا نہیں، اغواکاروں کا بھی ہوسکتا ہے، یہ ثابت کیا ہے کراچی میں عالم زیب اور کامران بلوچ نامی ٹریفک اہلکاروں نے۔ شیرشاہ کے علاقے میں تعینات ان دونوں اہلکاروں نے ایک ایسی مشکوک گاڑی کا تعاقب کیا، جس میں 3 خطرناک اغواکار موجود تھے۔ اغواکارو ں نے بھاگنے کی کوشش کی مگر وہ بری طرح ناکام ہوگئی اور ان کی گاڑی ٹرک سے ٹکراکر رُک گئی، ٹریفک اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر مغوی کو بازیاب کراکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا جبکہ دو فرار ہوگئے۔اغواکار کورنگی انڈسٹریل ایریا سے تاجر کو اغوا کرکے بلوچستان لے جانے کی کوشش کررہے تھے۔ دوسری جانب محکمہ اینٹی کرپشن نے ریگل چوک ، لکی اسٹار اور بن قاسم پارک کے علاقوں میں تعینات 4ٹریفک اہلکاروں کو گرفتار کرلیا ۔ چاروں ٹریفک اہلکار شہریوں سے رشوت لے رہے تھے۔