کراچی: پانی کی لائنوں کی تبدیلی
کراچی:(ملت آن لائن) سپریم کورٹ نے سندھ میں صاف پانی کی عدم فراہمی پر وزیر اعلیٰ سندھ کو کیا طلب کیا تو سندھ حکومت کی دوڑیں لگ گئیں۔ وزیر اعلی نے پانی کی فراہمی پر 2 دن میں 2 اجلاس کر ڈالے۔ وزیر اعلیٰ آج بھی نہروں میں سیوریج کا پانی شامل کرنے پر برہم نظر آئے۔ واٹر بورڈ حکام نے بتایا کہ کراچی کو پانی فراہم کرنے کے لئے بلاتعطل بجلی کی فراہمی ضروری ہے جس پر وزیر اعلیٰ نے 50 میگاواٹ کا بجلی گھر لگانے کے لئے سمری تیار کرنے کا حکم دے دیا۔ واٹر بورڈ حکام نے کہا کہ شہر قائد میں پانی کی فرسودہ لائنوں کی تبدیلی کیلئے 200 ارب درکار ہیں تو وزیر اعلیٰ نے لائنوں کی تبدیلی کا منصوبہ بھی تیار کرنے کا حکم دے دیا۔ سپریم کورٹ نے پانی کی فراہمی کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات پر سندھ حکومت کو 23 دسمبر کو رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے رکھا ہے جس کے باعث وزیر اعلیٰ اجلاس پر اجلاس کر رہے ہیں۔