کراچی:(اے پی پی)کراچی پریس کلب پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کردیا، ہوائی فائرنگ کی گئی اور نجی ٹی وی چینل کی گاڑی کے شیشے بھی توڑ دیئے، حملے کا مقدمہ آرٹلری میدان تھانے میں نامعلوم افراد کیخلاف درج کرلیا گیا۔ کراچی پریس کلب پر مسلح افراد نے اچانک دھاوا بول دیا، موٹرسائیکل سوار مشتعل افراد احتجاج کرتے ہوئے پریس کلب پہنچے،نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پریس کلب اور اطراف میں بھگدڑ مچ گئی،مشتعل افراد نے صحافی کو تشدد کا نشانہ بنایا اور کیمرہ بھی چھین لیا۔ پریس کلب کے باہر کھڑی نجی ٹی وی کی گاڑی کو آگ لگانے کی کوشش کی گئی اور گاڑے کے شیشے بھی توڑ دیئے،پولیس کے موقع پر پہنچنے پر مشتعل افراد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے،وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال نے آئی جی سندھ کو واقع کی فوری تحقیقات کی ہدایت کردی ہے۔