خبرنامہ سندھ

کراچی: پولیس سرچ آپریشن، 4 افراد گرفتار

کراچی: (آئی این پی) قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ محمود آباد کے علاقے میں پولیس نے سرچ آپریشن کیا۔ اس دوران مخصوص گھروں اور زیر تعمیر عمارتوں کی تلاشی لی گئی۔ سرچ آپریشن کے دوران زیر تعمیر عمارت کے کمپاؤنڈ سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ اسلحہ کمپاؤنڈ کی زمین میں چھپایا گیا تھا۔ ایس ایس پی ڈاکٹر فاروق کا کہنا ہے برآمد ہونے والے اسلحہ میں 4 بال بم،1 آوان بم، 2 رپیٹر، 2 پستول، سیکٹروں گولیاں اور کارتوس شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق اسلحہ سیاسی جماعت کے ایک دھڑنے نے چھپایا تھا۔ اسلحہ چھپانے والے دہشتگردوں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ ایس ایس پی ساؤتھ نے بتایا کہ سرچنگ کے دوران چار مشتبہ افراد کو حراست میں بھی لے لیا گیا۔ زیرحراست افراد سے تفتیش کی جا رہی ہے۔