کراچی (آئی این پی )کراچی کے علاقے ڈیفنس اور سی ویو پر ون ویلنگ کرنے اور تیز رفتاری سے موٹر سائیکل چلانے والے 12 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ ڈیفنس اور سی ویو پر پولیس نے ون ویلنگ کرنے اور تیز رفتار موٹرسائیکل چلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا۔ پولیس کے مطابق کریک ڈاؤن کے دوران 12 نوجوانوں کو گرفتار کر کے موٹرسائیکلیں تحویل میں لے لی گئیں۔ گرفتار نوجوانوں کے خلاف تھانہ ساحل میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی علاقہ مکینوں کی جانب سے شکایت پر کی گئی۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سی ویو اور ڈیفنس کے علاقوں میں ون ویلنگ سے گریز کریں کیونکہ تیز رفتاری اور ون ویلنگ جان لیوا حادثات کاسبب بنتی ہے۔