خبرنامہ سندھ

کراچی پولیس کی کارروائیاں، 6 ملزمان گرفتار، 50 مشتبہ افراد زیر حراست

کراچی (ملت آن لائن + آئی این پی) کراچی پولیس نے کراچی کے علاقوں منگھو پیر سلطان آباد میں سرچ آپریشن کے دوران 50 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ گلبہار، اورنگی ٹاون، مومن آباد اور نارتھ ناظم آباد سے 6 ملزموں کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا گیا ۔ منگھوپیر سلطان آباد کی گلیوں کو سیل کر کے گھر گھر تلاشی لی گئی۔ پولیس نے شک کی بنیاد پر پچاس افراد کو حراست میں لے لیا۔ حراست میں لیے گئے افراد کو تھانے منتقل کر دیا گیا جہاں ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ گزری کے علاقے میں بھی سرچ آپریشن کے دوران تین افغان باشندوں سمیت پندرہ افراد کو حراست میں لے کر منشیات برآمد کر لی گئیں۔ گلبہار اور نارتھ ناظم آباد سے بھی غیر ملکی سمیت تین ملزموں کو گرفتار کر کے اسلحہ، چھینی ہوئی موٹر سائیکل اور منشیات برآمد کر لی گئیں۔ مومن آباد پولیس نے کارروائی کر کے منظم غیر ملکی افغانی ڈکیت گروہ کے تین کارندے گرفتار کر لیے۔ ملزمان وکیل، محمد خان اور داؤد ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے تین ساتھی گزشتہ دنوں پولیس مقابلے میں مارے جا چکے ہیں۔