خبرنامہ سندھ

کراچی پولیس کی کارروائی 40 گرفتار،اسلحہ برآمد

کراچی (آئی این پی )کراچی میں پولیس کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ منگھوپیر میں سرچ آپریشن کے دوران 35 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ پریڈی اور بلدیہ ٹاؤن سے 4 ملزمان پکڑے گئے جبکہ حیدری سے زخمی حالت میں ڈاکو حراست میں لے لیا گیا۔ منگھوپیر کے علاقے میں پولیس نے کالعدم جماعتوں کے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا۔ ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران 35 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ ان افراد کے قبضے سیبڑی تعدادمیں اسلحہ، بارودی مواد، کیمیکل، دستی اورآوان بم برآمد ہوئے۔ دوسری جانب پریڈی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان صدیق اور گلزار کے قبضے سے منشیات اورٹی ٹی پستول برآمد ہوئے ہیں جبکہ بلدیہ ٹاؤن کی مدینہ کالونی میں بھی پولیس نے کارروائی کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان محمد ثاقب عرف راڈ اور محمد عرفان عرف پناہ کے قبضے سے منشیات بھی برآمد ہوئی۔ ادھر حیدری کے علاقے میں پولیس نے مقابلے کے دوران فائرنگ کے تبادلے کے بعد مسلح ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔