خبرنامہ سندھ

کراچی: پہلی بارش، دیوارگرنےسے پانچ افراد جاں بحق

کراچی: (آئی این پی) کراچی میں مون سون کی پہلی بارش نے انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھول دیا ، سڑکیں ندی نالے اور گلیاں نہریں بن گئیں ، بہتر انتظامات کے دعوے بھی بہہ گئے ، کہیں عملہ غائب رہا ، کہیں بجلی گم ہوگئی ، کرنٹ لگنے اور دیوار گرنے سے دو بچوں سمیت پانچ افراد زندگی کی بازی ہار گئے ۔ موسم کی خبر دینے والوں نے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے ۔ کراچی میں بادل برسے اور جم کر برسے سڑکیں ، گلیاں ندی نالوں میں تبدیل ہوگئیں ۔ ابر رحمت نے موسم تو خوشگوار کردیا لیکن انتظامیہ کی غفلت نے شہریوں کو اذیت میں مبتلا کردیا ۔ جو بارش رحمت بننی تھی اور وہ زحمت بن گئی ۔ پانی کی بوندیں پڑیں تو کے الیکٹرک کا سسٹم بھی جواب دے گیا ۔ دو سو بیس سے زائد فیڈر ٹرپ ہوگئے ۔ شہریوں کو سحری اندھیرے میں کرنی پڑی ۔ بعض علاقوں میں کئی گھنٹے بعد بجلی بحال کر دی گئی لیکن کچھ علاقے ایسے ہیں جو اب بھی بجلی سے محروم ہیں ۔ صبح کے وقت کچھ علاقوں سے پانی نکال لیا گیا تاہم اب بھی شہر کی کچھ سڑکیں ایسی ہیں جہاں پانی کھڑا ہوا ہے ۔ بارش کی وجہ سے کرنٹ لگنے اور دیوار گرنے کے واقعات بھی پیش آئے جس میں دو بچوں سمیت پانچ افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ناظم آباد میں بتیس ایئرپورٹ کے اطراف اکتیس لانڈھی ، فیصل بیس اور مسرور بیس کے اطراف میں بارہ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔