کراچی: سندھ پولیس کی جانب سے چہلم امام حسین ؓ کے موقع پر کراچی میں برآمد ہونے والے مرکزی جلوس کے سلسلے میں ٹریفک کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس کی جانب سے جلوسِ چہلم امام حسین ؓ کے سلسلے میں ٹریفک کے متبادل روٹ کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، بغیر اسٹیکر کوئی بھی گاڑی کسی بھی صورت نمائش چورنگی اور جلوس کے روٹ پر نہیں جاسکے گی۔
پولیس کے مطابق کل بروز منگل مورخہ 30 اکتوبر 2018 کو چہلم امام حسین کا مرکزی جلوس کراچی میں نشتر پارک سے برآمد ہوگااور ایم اے جنا ح روڈ سے براستہ صدر ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں کھارادر میں حسبِ معمول اختتام پذیر ہوگا۔
جلوس دوپہر ایک بجے برآمد ہوگا اس سے قبل ایک جلوس مارٹن روڈ سے ہوتا ہوا نشتر پارک کی جانب بھی آئے گا جس کے سبب بنوری ٹاؤن مسجد والا روڈ اور گرومندر ٹریفک کےلیے بند رہے گا۔
ٹریفک پلان کے مطابق ناظم آباد اور لیاقت آبادسے آنے والے ٹریفک کو نشتر روڈ سولجر بازار کی جانب موڑ دیا جائے گا، یونی ورسٹی روڈ اور کشمیر روڈ سے آنے والی گاڑیاں نیو ایم اے جناح روڈ پر صدر پارکنگ پلازہ تک جاسکیں گی ، اس کے آگے راستہ پولیس کی جانب سے کنٹینر لگا کر بند کردیا جائے گا۔
شاہراہ فیصل نرسری سے نمائش کی جانب آنے والے ٹریفک کو سوسائٹی سگنل سے آگے آنےکی اجازت نہیں ہوگی ، یہاں سے صرف جلوس کے لیے پولیس کی جانب سے جاری کردہ خصوصی اسٹیکر کی حامل گاڑیاں ہی آگے جاسکیں گی۔
چہلم کے موقع پر عام تعطیل نہ ہونے کے سبب شام کو دفتری اوقات میں متبادل راستوں پر انتہائی دباؤ آجائے گا لہذا اہلیان کراچی پریشانی سے بچنے کے لیے کل صرف ضرورت کے تحت ہی شہر بالخصوص ایم اے جناح روڈ کے اطراف میں سفر کریں