کراچی : چیئرمین نادرا کا مختلف نادرا میگا سینٹرزکا دورہ‘ شہریوں کی شکایات سنیں
کراچی :(ملت آن لائن) چیئرمین نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) عثمان یوسف مبین کا کہنا ہے کہ پاکستان کا شہری کسی بھی سینٹر سے شناختی کارڈ بنوا سکتا ہے۔ چیئرمین نادرا عثمان یوسف مبین نے کراچی کے مختلف نادرا سینٹرز کے اچانک دورے کیے اور شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات کا بھی مشاہدہ کیا۔ کراچی کےعلاقے سائٹ میں واقع نادرا کے میگا سینٹر میں چیئرمین نادرا عثمان یوسف مبین عام شہریوں کے ساتھ قطار میں کھڑے ہوگئے جہاں عملے نے ان کا ہی فارم اعتراض لگا کر واپس کردیا۔ چیئرمین نادرا نے سائٹ میں واقع نادرا کے میگا سینٹرکے دو افسران کو معطل کردیا۔ انہوں نے نادرا سینٹر کے عملے سے استفسار کیا کہ کیا ہمارا اسٹاف شہریوں سے بدتمیزی کرنے کے لیے رہ گیا ہے، شناختی کارڈ بنوانے کے لیے آنے والے لوگوں کے ساتھ ہتک آمیز رویہ کیوں ہے۔ دوسری جانب نادرا لیاقت آباد سینٹر میں خاتون اسٹاف شاہین اختر نےلاڑکانہ کے شہری کا شناختی کارڈ بنانے سے انکار کردیا۔ چیئرمین نادرا عثمان یوسف مبین کے حکم پر نادرا لیاقت آباد سینٹر سے شاہین اخترکو ملازمت سے برطرف کردیا گیا۔ ادھرکراچی کے علاقے ڈیفینس میں واقع نادرا میگا سینٹر میں سہولیات کی عدم دستیابی پر رات گئے سینئرحکام کو گھروں سے دفتر بلوا لیا۔ عثمان یوسف مبین نے نادرا میگا سینٹر کے عملے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ قانونی دستاویز پوری ہونے کے باوجود آپ لوگوں کو تنگ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بطور سربراہ اس ادارے میں ہوں تو شہریوں کو آسانی دینے کے لیے ہوں۔ چیئرمین نادرا نے میگا سینٹر ڈیفینس کے عملے کے تین افراد کے خلاف محکمہ جاتی انکوائری کا حکم دے دیا۔