کراچی:(اے پی پی) کراچی میں ڈیڑھ گھنٹے کے دوران دہشتگردوں نے تین دستی بم حملے کر کے خوف و ہراس پھیلا دیا ، کراچی میں پہلا حملہ مبینہ ٹائون تھانے پر کیا گیا جس میں پولیس سٹیشن میں کھڑی ایک گاڑی تباہ ہوگئی اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا ، دوسرا حملہ کریم آباد میں اپوا گرلز کالج کے دروازے کے باہر ہوا جہاں دہشتگردوں نے دستی بم پھینکا جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا ، تیسرا حملہ نارتھ ناظم آباد میں اصغر علی شاہ سٹیڈیم کے قریب ایک نجی سکول پر کیا گیا جس میں دو طالبعلم شدید زخمی ہوئے جنہیں مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ پولیس ، رینجرز اور بم ڈسپوزل سکواڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور شواہد اکٹھے کرنے شروع کردیئے ، بم ڈسپوزل سکواڈ نے بتایا کہ تمام بم دیسی ساختہ تھے جن کی تیاری میں بال بیرنگ اور دیگر سامان استعمال کیا گیا تھا ، تینوں بم ایک ہی نوعیت کے تھے ۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے بم دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور دھماکوں میں ملوث افراد کو فوری طور پر گرفتار کرنے کی ہدایت کی ہے ۔