کراچی:(اے پی پی)کراچی کے مختلف علاقوں سے پولیس نے نو ملزمان سمیت چوبیس افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ نارتھ کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ پولیس نے علی الصبح پرانی سبزی منڈی کے قریب سرچ آپریشن کیا جس کے دوران پندرہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ،پولیس کے مطابق زیرحراست افراد سے پوچھ گچھ جاری ہے، رات گئے پولیس نے نصرت بھٹو کالونی میں کارروائی کرکے اسٹریٹ کرائم میں ملوث دو ملزمان کو گرفتارکرلیا۔ ملزمان کے قبضے سے منشیات اسلحہ اور لوٹے گئے موبائل برآمد کرلئے گئے جبکہ بریگیڈ پولیس نے ایک مکان پر چھاپہ مار کر اسٹریٹ کرائم میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ سرسید پولیس نے رضویہ میں کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو دھر لیا جبکہ درخشاں پولیس نے پولیس موبائل سے مشابہت رکھنے والی گاڑی قبضے میں لے کر دو سیکیورٹی گارڈ کو اسلحے سمیت حراست میں لے لیا۔ ادھر نارتھ کراچی میں موبائل کی دکان پر ڈکیتی مزاحمت پر ملزم نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کر دیا، ملزم موقع سے فرار ہوگیاپولیس نے لاش قبضے میں لے کر اسپتال منتقل کردی۔