کراچی:(آئی این پی) سابق سٹی ناظم مصطفی کمال کا کہنا ہے کہ شہر میں احتجاج سے متعلق ایم کیو ایم سے پوچھا جائے، ایسا لگتا ہے کہ حالات خراب کرنے والوں کو ہدایت نہیں آئے گی۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ کل سے اب تک دنیا بھر سے ہزاروں ٹیلی فون کال آ چکی ہیں لیکن تمام لوگوں سے معذرت چاہتا ہوں کہ ان کی کالز کا جواب نہیں دے سکے، لوگ ہم سے پوچھ رہے ہیں کہ بتائیں ہمیں آگے کیا کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ احتجاج سے متعلق ایم کیو ایم سے پوچھا جائے کہ وہ کراچی کے حالات کیوں خراب کرنا چاہتے ہیں، ہماری وجہ سے شہر کے حالات خراب نہیں ہوئے، لگتا ہے کہ شہر کے حالات خراب کرنے والوں کو ہدایت نہیں آئی، دعا کرتے ہیں کہ اللہ ان لوگوں کو ہدایت دے۔ مصطفی کمال نے کہا کہ ہمارے لئے ایم کیو ایم میں کوئی باغی اور وفادار نہیں ہے، ہماری دعوت سب کے لئے ہے، بس یہ کہنا چاہتا ہوں کہ کسی انسان کو خدا مت بناؤ، عزت، ذلت اور زندگی موت دینے والی ذات صرف اللہ کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جس طرح پاکستان کے دوسرے لوگوں کو سیکیورٹی خدشات لاحق ہیں اسی طرح کے خدشات ہمیں بھی ہیں۔ رحمان ملک کی جانب سے ہتک عزت کے دعوے پر سابق سٹی ناظم کا کہنا تھا کہ سابق وزیر داخلہ شوق سے ہتک عزت کا دعویٰ کریں، عزت اور ذلت تو صرف اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ سانحہ بلدیہ میں ایف آئی آر میں نام درج ہونے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انیس قائم خانی کا کہنا تھا کہ اس طرح کی کسی جے آئی ٹی میں میرا نام شامل نہیں ہے، میں پارٹی کا ڈپٹی کنوینر تھا، آگ لگانے نہیں لوگوں کی جانے بچانے گیا تھا۔