کراچی:(اے پی پی) قومی وصوبائی اسمبلی کی 2 نشستوں این اے 245 اور پی ایس 115 میں ضمنی انتخابات کے لئے پولنگ کا عمل جاری ہے اور اس دوران کئی علاقوں میں سیاسی کارکنوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں کشیدگی ہے ۔ کراچی سے قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے لئے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا۔ این اے 245 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 9 ہزار 655 ہے جب کہ پی ایس 115 میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 62 ہزار ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکتے ہیں۔ قومی اسمبلی کی نشست کے لئے مجموعی طور پر 227 پولنگ اسٹیشنز جب کہ صوبائی اسمبلی کے الیکشن کے لئے 83 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے این اے 245 میں 33 پولنگ اسٹیشنز جب کہ پی ایس 115 میں 66 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا ہے جب کہ پولنگ کے عمل کو شفاف بنانے کے لئے رینجرز اور پولیس کے اہلکار ہر پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر تعینات کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل کو پرامن اور شفاف بنانے کے لیے رینجرز کے انچارج اور پریذائیڈنگ افسران کو مجسٹریٹ اول کے اختیارات دیئے ہیں جب کہ متعلقہ حلقوں میں عام تعطیل ہونے کی وجہ سے اسکول، کالجز اور سرکاری ادارے بند ہیں۔ پولنگ کے دوران سخت سیکیورٹی کے باوجود بعض ناخوشگوار واقعات بھی رونما ہوئے۔ لائنز ایریا میں دو سیاسی جماعتوں کے کارکن ایک دوسرے کے آمنے سامنے آ گئے اور نعرے بازی کی گئی لیکن پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر دونوں جماعتوں کے کارکنوں کو منشتر کردیا۔ اس کے علاوہ گرلز سیکنڈری اسکول جٹ لائن میں بھی ایک پولنگ ایجنٹ کی جانب سے زبردستی ووٹ ڈلوانے پر خواتین آپس میں لڑ پڑیں۔ اس کے علاوہ کئی علاقوں میں فائرنگ کے بعد دکانیں اور کاروبار بند کردیا گیا۔ دوسری جانب پہاڑ گنج اور عبداللہ کالج کے علاقوں میں پولنگ بوتھ کے قریب واقع سیاسی جماعتوں کے الیکشن کیمپس اکھاڑ دیئے گئے جس پر سیاسی جماعتوں کی جانب سے احتجاج بھی کیا گیا، سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کا کہنا تھا کہ ان کے کیمپ قانون کے مطابق تھے لیکن اس کے باوجود سیکیورٹی اہلکاروں نے اکھاڑ دیئے۔ این اے 245 میں ایم کیو ایم، تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی سمیت 16 امیدوار میدان میں تھے تاہم پی ٹی آئی کے امجداللہ خان پولنگ شروع ہونے سے کچھ گھنٹے قبل ہی ایم کیو ایم کے امیدوار کے حق میں دستبردار ہو گئے تھے۔ پی ایس 115 میں بھی 14 امیدوار مد مقابل تھے تاہم ادھر بھی ایک امیدوار ایم کیو ایم کے حق میں دستبردار ہو گیا۔ این اے 245 کی نشست ایم کیو ایم کے رہنما ریحان ہاشمی کے استعفے کے بعد خالی ہوئی تھی جب کہ پی ایس 115 کی سیٹ ارشد ووہرا کے ڈپٹی میئر منتخب ہونے پر خالی ہوئی تھی۔