کراچی کے زم زمہ پارک کے قریب فائرنگ سے چینی باشندہ ہلاک
کراچی (ملت آن لائن) کے علاقے ڈیفنس میں زم زمہ پارک کے قریب فائرنگ کے نتیجے میں چینی باشندہ ہلاک ہوگیا۔اسپتال انتظامیہ کے مطابق چینی باشندے کو دو گولیاں لگیں جن میں سے ایک آر پار ہوگئی جبکہ دوسری جسم میں موجود ہے۔ چینی باشندے کو انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ حملے کے وقت گاڑی میں چینی باشندہ اور اس کا دوست موجود تھا، فائرنگ کے بعد باشندے کا وقت دوست اترکر بھاگ گیا تھا۔ پولیس نے زخمی چینی باشندے کے دوست کو حفاظتی تحویل میں لے لیا ہے جبکہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق فائرنگ گھات لگا کرکی گئی۔
پولیس کے مطابق غیر ملکی باشندہ گاڑی میں زم زمہ پارک کے قریب سے گزر رہا تھا کہ پیچھے سے آنے والی گاڑی نے غیر ملکی کی گاڑی کو ٹکر مار دی۔ پولیس کے مطابق پچھلی گاڑی میں سوار ملزمان نے گاڑی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں سر میں گولی لگنے سے غیر ملکی شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے 9 خول ملے ہیں اور واقعہ ممکنہ طور پر ٹارگٹ کلنگ کا لگتا ہے۔ ہلاک چینی شہری اور اس کا دوست کھانے کےبعد زمزمہ پارک پہنچے، جہاں انہوں نے اپنی گاڑی سبزی کی دکان کے قریب کھڑی کی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ابتدائی طور پر ایسا لگتا ہے کہ ان کا تعاقب کیا جارہا تھا۔ وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے واقعے پر ڈی آئی جی ساؤتھ کو انکوائری افسر مقرر کردیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی دی ہوئی تھی لیکن چینی باشندے خود نہیں لے کرگئے، واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں، جلد ملزمان کو گرفتار کرلیں گے۔