کراچی کے علاقے گلشن حدید میں خاندانی دشمنی پر دو افراد قتل: پولیس
کراچی:(ملت آن لائن) گلشن حدید میں خاندانی دشمنی پر دو افراد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔ کراچی کے علاقے گلشن حدید میں موٹرسائیکل پر سوار دو نامعلوم مسلح ملزمان نے ایک دکان پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دکان پر موجود دو افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ ایس ایس پی ملیر عدیل چانڈیو کے مطابق واقعہ بن قاسم تھانے کی حدود نصیرآباد میں پیش آیا جہاں نقاب پوش دو ملزمان نے دکان پر موجود دو افراد کو ٹارگٹ کرکے ان پر فائرنگ کی۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت 40 سالہ نواب اور 35 سالہ عمر کے نام سے ہوئی ہے، جاں بحق افراد کے خاندانوں میں دیرینہ دشمنی تھی اس لیے واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے جب کہ ملزمان نے دکان پر کوئی رہزنی یا ڈکیتی کی واردات نہیں کی۔ واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے تحویل میں لے کر تفتیش بھی شروع کردی۔