کراچی کے عوام کے ساتھ مزید ناانصافی نہیں ہونے دوں گا، وزیراعلیٰ سندھ
کراچی:(ملت آن لائن) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی کی عوام نے بہت دھوکے کھائے لیکن اب مزید ناانصافی نہیں ہونے دوں گا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت سی پیک کی جوائنٹ کوآرڈینیشن کمیٹی (جے سی سی) کی تیاری سے متعلق اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دی گئی کہ ریلوے حکام کراچی سرکولر ریلوے (کے سی آر) کے لئے زمین نہیں دینا چاہتے۔ اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے کی زمین سندھ حکومت کی ہے اس پر پہلا حق کراچی کے عوام کا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ریلوے حکام کراچی سرکولر ریلوے میں مسائل پیدا کررہے ہیں اور منصوبے میں رکاوٹ بن گئے ہیں، کراچی کے عوام نے بڑے دھوکے کھائے ہیں لیکن اب میں ان کے ساتھ کوئی ناانصافی نہیں ہونے دوں گا، اگر کے سی آر منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا تو اس کی جوابدہی ریلوے اور وفاقی حکومت پر ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ 21 نومبر کو جے سی سی کے اجلاس میں فریم ورک معاہدے پر دستخط ہونے چاہئیں، اس کے بعد وزیراعظم سے بات کروں گا۔