خبرنامہ سندھ

کراچی کے مختلف علاقوں سے 4ملزمان سمیت 132 مشتبہ افراد زیر حراست

کراچی (ملت + آئی این پی )کراچی میں پولیس کی جرائم پیشہ افرادکیخلاف کارروائیاں جاری۔ شہر کے مختلف علاقوں سے ایک سو بتیس مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ نیوکراچی سے ٹارگٹ کلر جبکہ اتحاد ٹاؤن، اورنگی ٹاؤن اور الفلاح سے دو اسٹریٹ کرمنلز سمیت چار ملزمان پکڑے گئے۔ پولیس کے مطابق منگھوپیر کے علاقیونگی گوٹھ میں سرچ آپریشن کے دوران باون اور ضلعی وسطی کے ناظم آباد مجاہد کالونی، نارتھ ناظم آباد ڈی سلوا ٹاؤن، شریف آباد اور کوثرنیازی کالونی سے سرچ آپریشن کے دوران اسی مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ زیر حراست افراد میں پانچ کالعدم تنظیم کے دہشتگرد بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب نیو کراچی انڈسٹریل ایریامیں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرلیا۔ ٹارگٹ کلر رانا محمودحسن نے نیو کراچی کے مختلف علاقوں میں پانچ افراد کو قتل کیا تھا۔ ملزم کے قبضے سے ایک نائن ایم ایم پستول برآمد ہوا ہے۔ بلدیہ اتحادٹاؤن سے پولیس نے دو اسٹریٹ کرمنلز جبکہ اورنگی ٹاؤن سے پولیس نے قتل کے مقدمے میں ملوث ڈکیت شہزادہ عامر کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا۔ الفلاح کے علاقے سے پولیس نے ڈاکو عمران عرف بابا کو گرفتار کر لیا۔