کراچی (اے پی پی)سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے مردم شماری سے متعلق آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔وزیر اعلیٰ کو کراچی کے مسائل پر بھی آل پارٹیز کانفرنس بلانی چاہیے۔ سندھ اسمبلی اجلاس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ اظہار نے کہا کہ مسلم لیگ ن حکومت کی جانب سے کرائی جانے والی مردم شماری پر حکومت سندھ کے خدشات سمجھ سے بالاتر ہیں۔ مردم شماری میں کوئی حکومتی دباو یا اثرو رسوخ نہیں ہونا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ مردم شماری کی مانیٹرنگ کیلیے آزاد خود مختیار کمیشن بنایا جانا چاہیے۔ وزیر اعلیٰ کو تھر کی صورتحال ،کراچی میں پانی کی قلت اور بلدیاتی اداروں کے نمایندوں کے اختیارات سے متعلق بھی کل جماعتی کانفرنس بلانی چاہیے۔