خبرنامہ سندھ

کراچی :گرمی کی شدت میں اضافہ، پارہ 39 ڈگری تک پہنچ گیا

کراچی:(اے پی پی) کراچی میں گرمی غضب ڈھا رہی ہے ، آج بھی سورج کے تیور بگڑے رہنے کا امکان ہے ، درجہ حرارت چالیس سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دوپہر کے بعد سمندری ہوائیں چلنے سے گرمی کی شدت کم ہو جائے گی ۔ کراچی والے گرمی سے پناہ مانگنے لگے ، جھلسا دینے والی دھوپ نے ہر کسی کو پریشان کر دیا ۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج بھی سورج کے تیور درست نہیں ۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت اڑتیس سے چالیس سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے ۔ دوپہر دو بجے تک موسم گرم اور خشک رہے گا ، اس کے بعد سمندری ہوائیں چلے گی جس کے بعد گرمی کی شدت میں کمی ہونے لگے گی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری ہوا کا رخ تبدیل کرنے سے گرمی کی شدت اور بڑھ گئی ہے ۔ ہیٹ اسٹروک کے پہلے روز دو افراد کی جان چلی گئی ۔ 45 سالہ شرافت جوکھیو منگھو پیر اور پچاس سالہ ممتاز اورنگی ٹاؤن کا رہائشی تھا ۔ جبکہ ہسپتالوں میں گرمی کے ستائے لوگوں کا رش رہا لیکن خصوصی انتظامات کے باعث مریضوں کو بروقت طبی امداد دی جاتی رہی ۔ دوسری طرف کے الیکٹرک کم سے کم لوڈشیڈنگ کرنے کا وعدہ پورا نہ کر سکی ، بجلی کی بندش سے شہری بے حال ہوتے رہے ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پیر سے گرمی کی شدت میں بتدریج کمی ہو گی اور بدھ سے کراچی کا موسم معمول پر آنے کا امکان ہے ۔