خبرنامہ سندھ

کراچی : گلبائی گودام میں لگی آگ پر24 گھنٹے بعد بھی قابونہ پایا جاسکا

کراچی (آئی این پی) کراچی میں گلبائی کے ٹائر گودام میں لگی آگ پر24 گھنٹے بعد بھی مکمل طور پر قابو نہیں پایا جاسکا ، آتشزگی سے کروڑوں مالیت کا سامان جل کر راکھ ہو گیا ، گاڑیوں اور پانی کی قلت نے متعلقہ اداروں کی کارکردگی کا بھانڈا پھوڑ دیا ۔ خوفناک آگ گلبائی کے ٹائر کے گودام میں گذشتہ روز دن گیارہ بجے لگی جس نے سب کچھ جلا کر راکھ کر دیا، آگ اتنی شدید تھی کہ دھوئیں کے کالے بادل آسمان کو چھونے لگے ۔ فائر بریگیڈ متعلقہ اداروں نے کام شروع کیا مگر تمام کوششیں بے کار ثابت ہوئیں ۔ مالی نقصان پر مالکان روتے رہے تو دوسری طرف حکام سوتے رہے اور دیکھتے ہی دیکھتے ٹائروں کا گودام راکھ کا ڈھیر بن گیا ۔ چوبیس گھنٹے بعد بھی آگ پر نوے فیصد قابو پایا گیا ۔ تاہم ابھی مکمل طور پر قابو پانے میں تھوڑا وقت درکار ہے ۔ گذشتہ روز کراچی میں گلبائی سمیت تین مقامات پر آگ لگی مگر انتظامیہ کے کان پر جوں تک نہیں رینگی ۔