خبرنامہ سندھ

کراچی: 15 منٹ میں 2 پولیس افسران پر حملے

کراچی: (ملت+اے پی پی) ٹارگٹ کلنگ کا جن ایک بار پھر بے قابو ہو گیا۔ شہریوں کے محافظ خود ہی دہشت گردوں کے نشانے پر آ گئے۔ گلستان جوہر میں 15 منٹ کے وقفے سے 2 ڈی ایس پیز پر دہشت گردوں نے حملے کئے۔ ڈی ایس پی فیض علی شگری جاں بحق ہو گئے جبکہ ڈی ایس پی گلبرگ ظفر حسین حملے میں محفوظ رہے۔ فائرنگ کا پہلا واقعہ گلستان جوہر لال فلیٹ کے پاس پیش آیا جب دہشت گردوں نے ٹریفک پولیس ایئرپورٹ سیکشن میں تعینات ڈی ایس پی فیض علی شگری کو ڈیوٹی سے واپسی پر نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں فیض علی شگری جاں بحق جبکہ ہیڈ کانسٹیبل رشید زخمی ہو گیا۔ واقعے کے بعد جائے وقوعہ پر بات کرتے ہوئے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کا کہنا تھا کہ تحقیقات کر رہے ہیں، کسی گروپ کے بارے میں کہنا قبل از وقت ہو گا۔ واقعے کے محض 15 منٹ بعد گلستان جوہر کے ہی علاقے میں دہشت گردوں نے ڈی ایس پی گلبرگ ظفر حسین پر حملہ کر دیا۔ موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں کی فائرنگ سے ڈی ایس پی ظفر محفوظ رہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ قانون کے محافظ خود ہی محفوظ نہیں تو ان کا تحفظ کون کرے گا۔ ڈی ایس پی فیض شگری پر حملے کے مقام سے نائن ایم ایم پستول کی گولیوں کے 15 خول ملے ہیں۔ دوسری جانب کنیز فاطمہ سوسائٹی میں بھی مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا جسکی شناخت ساجد کے نام سے ہوئی ہے۔