خبرنامہ سندھ

کراچی:10 افغانی باشندوں سمیت 17 افرادگرفتار

کراچی (آئی این پی )کراچی میں پولیس کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ گلشن معمار پولیس نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت غیرقانونی طور پر مقیم چھ جبکہ اتحاد ٹاؤن پولیس نے چار افغانی باشندوں کو گرفتار کر لیا ۔ سیکیورٹی فورسز کے ذرائع کے مطابق پولیس نے کراچی کے مختلف علاقوں سے کارروائی کے دوران دس افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا ۔پولیس کے مطابق کارروائی کراچی کے علاقے گلشن معمار اور اتحاد ٹاؤن میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت کی گئی ہے۔ دوسری جانب چاکیواڑہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سنگین جرائم میں مطلوب ملزم محمد معین عرف مہید کچھی کو گرفتار کرلیا جبکہ زمان ٹاؤن میں پولیس نے مقابلے کے بعد دو ملزمان کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا جہاں ان سے تفتیش جاری ہے۔ ادھر محمود آباد میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چار مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ۔ ذرائع کے مطابق مشتبہ افراد کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے۔