خبرنامہ سندھ

کرپشن:منی لانڈرنگ کیس میں ملوث ڈاکٹر عاصم کو جیل بھیج دیا گیا

راولپنڈی: (اے پی پی)کرپشن ، منی لانڈرنگ ، سرکاری زمینوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ اور غیر قانونی اثاثے بنانے کے الزام میں گرفتار ڈاکٹرعاصم کوجیل بھیج دیا گیا ۔ جیل بھیجنے کے احکامات کے بعد پیپلز پارٹی کے رہنما بھی ملاقات کوپہنچ گئے ۔ ڈاکٹر عاصم کو بکتربند گاڑی میں نیب کورٹ لایا گیا تو ان کی والدہ ، اہلیہ ، داماد اور دیگر بھی عدالت میں موجود تھے ۔ تفتیشی افسر ضمیر عباسی نے 2 صفحات پر مشتمل ریمانڈ رپورٹ عدالت میں پیش کی ۔ تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عاصم نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرکے اربوں روپے کا نقصان پہنچایا ہے ۔ لیکن ڈاکٹر عاصم غیر ملکی اثاثوں سے متعلق دوران تفتیش مناسب جواب نہیں دے سکے اور ڈاکٹر عاصم نے اثاثہ جات سے متعلق بتانے کیلئے 2 روز کی مہلت طلب کی ہے ۔ تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ اختیارات کے غیر قانونی استعمال سے متعلق دو وفاقی سیکرٹریوں کو شامل تفتیش کرنے کیلئے نوٹس جاری کردیئے گئے ہیں ۔ تفتیشی افسر نے عدالت سے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی لیکن عدالت نے استدعا مسترد کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصم کو 22 فروری تک جیل بھیج دیا ۔ ڈاکٹر عاصم کو جیل بھیجنے کے احکامات کے کچھ دیر بعد پیپلز پارٹی کے سینیٹر سعید غنی ، نجمی عالم اور دیگر بھی عدالت پہنچ گئے ۔ سعید غنی کافی دیر تک ڈاکٹر عاصم سے سر جوڑ کر گفتگو کرتے رہے ۔ سعید غنی کا کہنا تھا کہ وہ ڈاکٹر عاصم کیلئے پیغام نہیں لائے لیکن قیادت کو ڈاکٹرعاصم کی فکر ہے ۔ 76 دن نیب کی تحویل میں رہنے کے بعد جب عدالت نے ڈاکٹر عاصم کو جیل بھیجنے کا حکم جاری کیا تو ڈاکٹر عاصم اور ان کے اہلخانہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔