خبرنامہ سندھ

کسی خاتون کےساتھ بدتمیزی کرنےوالےکے ہاتھ توڑسکتےہیں: شہلا رضا

کراچی: (اے پی پی) اسپیکر آغا سراج درانی کی صدارت میں شروع ہونے والے اجلاس میں ایم کیو ایم کے دو نو منتخب ارکان محفوظ یار خان اور قمر عباس نے حلف اٹھایا۔ پیپلز پارٹی کی رکن شمیم ممتاز کے خود پر ترقیاتی کام کے دوران حملے کی شکایت پر ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا نے کہا کہ اپنی کسی خاتون کے ساتھ بدتمیزی کرنے والے کے ہاتھ توڑ سکتے ہیں۔ حملے میں پی ٹی آئی کے کارکنان کے ملوث ہونے پر پارلیمانی لیڈر ثمر علی خان نے واقعے پر معذرت کر لی۔ اسمبلی اجلاس کی کوریج پر پابندی پر اسپیکر سندھ اسمبلی نے ماضی میں اجلاس کے دوران اسلحہ لانے والے کو طنزیہ جیمز بونڈ کا بچہ قرار دے دیا۔ اجلاس میں بجٹ پر بحث کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رکن سید سردار احمد نے مزید ٹیکس لگانے کی وجوہات جاننی چاہیں اور کہا کہ رینجرز اور فوج کو بلانا کوئی حل نہیں، سندھ کو انتظامی طور پر تقسیم کرنا ضروری ہے۔ حکومتی ارکان نے سندھ کے آئندہ مالی سال کے بجٹ کو عوامی قرار دے دیا۔ اجلاس بدھ کی صبح دس بجے تک کے لئے ملتوی کر دیا گیا۔