کمسن بچے کو سمندر میں پھینک کر قتل کرنیوالا ملزم گرفتار
کراچی:(ملت آن لائن) ابراہیم حیدری سے ملنے والی کمسن بچے کی لاش کی شناخت کر لی گئی پولیس نے بچے کی والدہ کی مدعیت میں بچے کے قتل کا مقدمہ درج کر کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔ 7 جنوری بروز اتوار ابراہیم حیدری تھانے کے علاقے اکو ڈھکہ جیٹی کے قریب سے 5 سالہ کمسن بچے کی 2روز پرانی ڈوبی ہوئی لاش ملی تھی، پولیس نے لاش کو تحویل میں لینے کے بعد ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال اور پھر عدم شناخت ایدھی سرد خانے منتقل کردیا تھا ہلاک بچے کی گمشدگی کی اطلاع پولیس کے پاس پہلے سے موجود تھی جس پر پولیس نے فوراً اس کے اہل خانہ سے رابطہ کیا اور دوران تفتیش جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت محمد سبحان ولد عمران کے نام سے کرلی گئی۔
جاں بحق ہونے والا کمسن بچہ مکان نمبر 2367 گلی نمبر 17 علی اکبر شاہ گوٹھ ابراہیم حیدری کا رہائشی تھااوربچے کی والدہ نے پولیس کو بتایا کہ شام 5بجے ان کا بچہ گھر سے باہر نکلا تھا اور واپس نہیں آیا جس پر انھوں نے اپنے بچے کو ہر جگہ تلاش کیا لیکن کچھ پتہ نہ چل سکا، پولیس نے پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد بچے کی لاش اس کے اہلخانہ کے حوالے کردی تھی، مقتول بچے کے اہلخانہ نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ پڑوس میں رہائش پذیر ابراہیم نامی شخص نے ان کے بچے کے قتل میں ملوث ہے لہٰذا پولیس فوری طور پر ابراہیم کو گرفتار کرے۔
جس پر پولیس نے مقتول بچے کی والدہ محسنہ زوجہ عمران کی مدعیت بچے کے قتل کا مقدمہ الزام نمبر 6/2018 بجرم دفعہ 302 کے تحت درج کر کے ملزم ابراہیم کو گرفتار کرلیا، ایس ایچ او ابراہیم حیدری نذیر چانڈیو کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم ابراہیم نے ابتدائی تفتیش کے دوران بچے کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا،انھوں نے بتایا کہ گرفتار ملزم ابراہیم اور مقتول بچے کے والد عمران کے درمیان جھگڑا ہوا تھا جس پر ملزم نے بدلہ لینے کے غرض سے عمران کے 5 سالہ بچے کو سمندر میں پھینک دیا جس کے باعث وہ ڈوب کر ہلاک ہو گیا اور میڈیکل رپورٹ میں بھی ڈاکٹرز نے بچے کی موت کہ وجہ ڈوب کر ہونا بتائی ہے۔
ابراہیم حیدری میں قتل کیے جانے والے بچے سبحان کے والد عمران نے ایکسپریس سے گفتگومیں بتایاکہ چند روز قبل ملزم ابراہیم نے اسے بھی قتل کرنے کی کوشش لیکن وہ خوش قسمتی سے بچ گیا جس کے بعد ملزم نے میرے لخت جگر کو مجھ سے چھین لیا، انھوں نے مزید کہاکہ ملزم میرے بیٹے کاذہن خراب کرنے کی کوشش کررہاتھا جس کے بعد میں نے اسے بیٹے کوساتھ لے جانے سے منع کردیاتھا۔ ابراہیم حیدری کے جس علاقے سے اس کے بیٹے کی لاش ملی ہے ابراہیم وہاں پہلے بھی سبحان کولے جاچکا تھا،مقتول کی والدہ نے مطالبہ کیاکہ ملزم کوسخت سزادے کراسے انصاف فراہم کیاجائے،گرفتار ملزم ابراہیم نے کہاکہ عمران اور اس کی بیوی نے مجھ پرقتل کاجھوٹاالزام لگایاہے،میں سبحان کوگھومانے اورچیزیں دلوانے ضرورلے جاتاتھا لیکن اسے قتل نہیں کیا ہے ،میں بے گناہ ہوں مجھے انصاف فراہم کیاجائے۔