خبرنامہ سندھ

کوئٹہ دھماکا،آئی جی سندھ نےسکیورٹی ہائی الرٹ جاری کردیا

سندھ: (اے پی پی) سندھ کوئٹہ دھماکے کے بعد آئی جی سندھ نے صوبے بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ جاری کردیاہے۔ شہر کے اہم مقامات پر گشت بڑھانے کی بھی ہدایت کردی۔ کوئٹہ سول اسپتال کے شعبہ حادثات کے مرکزی دروازےپر دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور دو درجن کے قریب افراد کے زخمی ہونے کے بعد آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے صوبے بھرمیں سکیورٹی ہائی الرٹ جاری کردیا ہے۔ آئی جی سندھ نے صوبے کے تمام ایس ایچ اوز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں میں گشت بڑھائیں اور جرائم پیشہ عناصر پر کڑی نظر رکھیں ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس افسران،دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مسلسل رابطے میں رہیں اور معلومات کے تبادلے کو موثر بنائیں ۔ صوبے بھرمیں اسنیپ چیکنگ، ریکی کو مزید سخت کیاجائے۔ آئی جی سندھ کے مطابق صوبے کے داخلی اور خارجی راستوں پر ناکہ بندی اور سرچنگ سخت کی جائے، جبکہ تمام ضلعی ایس ایس پیز، ایس ڈی پی علاقوں میں سکیورٹی کے اقدامات کی مانٹرنگ کو یقینی بنائیں۔