کوسٹ گارڈز کی پسنی کےقریب کارروائی، 400 کلو گرام منشیات پکڑی گئی
کراچی:(ملت آن لائن) پاکستان کوسٹ گارڈز نے پسنی اور گوادر میں دو مختلف کارروائیوں میں بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرکے 9 افراد کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان کوسٹ گارڈ کے مطابق کوسٹ گارڈ نے پہلی کارروائی پسنی کےقریب کھلے سمندر میں کی۔ سمندر میں لانچ کی چیکنگ کے دوران 4 سو کلوگرام اعلیٰ معیار کی کرسٹل میتھ برآمد کرلی۔ کارروائی میں 5اسمگلرز بھی پکڑے گئے۔ ترجمان کے مطابق برآمد کی گئی منشیات کی عالمی مارکیٹ میں قیمت ساڑھے تین ارب روپے ہے۔ دوسری کارروائی میں تربت سے گوادر جانے والی سڑک پر اسنیپ چیکنگ کے دوران گاڑی سے کرسٹل میتھ برآمد کرکے 4 افراد کو حراست میں لےلیا۔ دوسری جانب ایف آئی اے اسٹیٹ بنک سرکل نے حوالہ ہنڈی کے غیرقانونی کارروبار میں ملوث افراد کے خلاف اطلاع پر کراچی کے علاقے طارق روڈ پر واقع منی ایکسچنج پر چھاپہ مارکر 2 افراد حامد گوہر اور شعیب کو گرفتار کرکے غیر ملکی کرنسی اور حوالہ ہنڈی میں استعمال ہونے والے کمپیوٹر اور رجسٹر بھی برآمد کرلیے۔ برآمد کرنسی میں امریکی ڈالرز، یورو، درہم، ترکش لیرا اور ریال شامل ہیں جن کی پاکستانی روپے میں مالیت 2 کروڑ روپے سے زائد ہے۔