خبرنامہ سندھ

کیس لڑوں گا راہ فراراختیارنہیں کی، اظہارالحسن

کراچی:(اے پی پی) اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن کہا ہے کہ وکیل ہوں کسی ٹاک شو کے بجائے عدالت میں کیس لڑوں گا۔ سندھ ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت حاصل کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ کسی افسر سے ذاتی دشمنی یا اختلاف نہیں مگر واقعے پر دکھ ہوا ، نہ کسی کے معطل ہونے کی خوشی ہے نہ کسی کے بحال ہونے کا دکھ ہو گا۔ اُن کا کہنا تھا کہ مجھے جو کچھ بھی کہنا ہوگا اُس کے لیے میرے پاس دو فورم موجود ہیں ایک اسمبلی جہاں زیادتی کے خلاف آواز بلند کروں گا اوردوسری عدالت جہاں میں دلائل سے مقابلہ کروں گا اور راہ فراراختیار نہیں کروں گا۔ انہوں نے مذید کہا کہ میرا 28 سالہ سیاسی کیریر بے داغ ہے تا ہم جس طرح سے مجھ پر جھوٹے الزامات لگائے گئے اور جس طرح میری گرفتاری عمل میں لائی گئی اس سے نہ صرف میری پارٹی بلکہ اہلیان کراچی میں بھی احساس محرومی پیدا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف تقاضے پورے کیے جانے چاہیے میرے ساتھ جو ہوا وہ تکلیف دہ ہے تاہم قانون کی عمل داری کرنے والوں کو قانون کا خیال رکھنا چاہئیے ساتھ ہی میری گرفتاری غلطی تھی یا غلط فہمی اس بات کا ازالہ ہونا چاہئیے۔ خواجہ اظہارکا کہنا تھا کہ ”جمہوریت میں ایسے واقعات تشویشناک ہوتے ہیں کراچی امن کی طرف جا رہا ہے اور اب کراچی کی ترقی کیلئے متفقہ لائحہ عمل بنانے کا وقت ہے۔ جس کے لیے انہوں نے کراچی میں آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کافیصلہ کیا ہے تا کہ اسمبلی کے اندر اور باہر رہنے والی جماعتیں کراچی کی تعمیر و ترقی کے لیے اپنی اپنی تجاویزات پیش کر سکیں اور ایک متفقہ روٹ میپ بنایا جا سکے۔