کراچی:(آئی این پی) بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کروڑوں روپے کی گاڑیاں سابق اور موجودہ اعلیٰ حکام کے زیر استعمال ہیں، ان میں اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی، شرجیل میمن سابق ایڈمنسٹریٹرز کراچی، سابق میونسپل کمشنرز، سابق ڈی جی پارکس اور دیگر حکام شامل ہیں ۔ حلوائی کی دکان پر دادا جی کا فاتحہ،دیوالیہ کے ایم سی کی کروڑوں روپے مالیت کی گاڑیاں سابق افسران اور وزراء کے زیراستعمال ہیں۔سابق وزیر بلدیات، سابق ایڈمنسٹریٹر اور سابق میونسپل کمشنر بھی استفادہ کررہے ہیں۔ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی جب پچھلی حکومت میں وزیر بلدیات تھے تو انہیں ایک ٹویوٹا سرف اور ایک پراڈو 2010 الاٹ کی گئی اور کے ایم سی محکمہ وہیکل کے ریکارڈ کے مطابق انہوں نے آج تک دونوں گاڑیاں واپس نہیں کیں۔ سابق وزیر بلدیات و اطلاعات شرجیل انعام میمن کے پاس ٹویوٹا گرینڈ کروزر ابھی تک ہے۔ دستاویزات کے مطابق سابق ایڈمنسٹریٹر ثاقب سومرو کے پاس تین اور لالہ فضل کے پاس ایک گاڑی ہے۔ ایڈمنسٹریٹر کورنگی غلام رسول کے پاس 2015 ماڈل کی کار موجود ہے اور سابق ڈی جی پارکس اور موجودہ میونسپل کمشنر غربی اشفاق ملاح بھی کے ایم سی کی ایک گاڑی کے مزے لوٹ رہے ہیں ۔ کے ایم سی کی 20 بیش قیمت گاڑیاں ان تمام افسران اور حکومت عہدیداروں سمیت ریٹائرڈ ملازمین اوردیگر حکام کے زیراستعمال ہیں۔