گرفتاری کا ڈر، رؤف صدیقی اور ریحان ہاشمی نے ضمانتیں کروا لی
کراچی:(ملت آن لائن) ایم کیو ایم کے رہنماء اور سابق صوبائی وزیر رؤف صدیقی نے نیب کی گرفتاری سے بچنے کیلئے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔ عدالت نے رؤف صدیقی کی 21 نومبر تک پانچ لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کر لی۔ رؤف صدیقی کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال، کرپشن اور گریڈ 7 کے ملازمین کو گریڈ 14، 16 اور 17 میں ترقی دینے کا الزام ہے۔ نیب حکام نے انہیں انکوائری کیلئے طلب کیا ہے۔ دوسری جانب ضلع سینٹرل کے چیئرمین ریحان ہاشمی گرفتاری سے بچنے کیلئے ہائیکورٹ پہنچے۔ عدالت نے اشتعال انگیز تقاریر کے 21 مقدمات میں ان کی 4 روز کیلئے حفاظتی ضمانت منظور کر لی ہے۔ عدالت نے ریحان ہاشمی کو 50 ہزار فی مقدمہ زر ضمانت جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔