خبرنامہ سندھ

گرین لائن جدید دورکےتقاضوں سے ہم آہنگ ایک تاریخی منصوبہ

گورنرسندھ :(اے پی پی) گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان کا کہنا ہے کہ آرام دہ سفری سہولیات کے لئے ماس ٹرانزٹ پروگرام پر عملدرآمد نا گزیر ہے اور گرین لائن جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ایک تاریخی منصوبہ ہے جس کی تکمیل سے یومیہ لاکھوں افراد کو آرام دہ سفری سہولیات حاصل ہو نگی ۔ گورنر ہاؤس میں گرین لائن منصوبہ سے متعلق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کی صدارت میں اجلاس ہوا ۔اجلاس میں متعلقہ محکمےکے افسرا ن نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہناتھا کہ کراچی ماسٹر پلان میں ماس ٹرانزٹ کے لئے7کوریڈورز رکھے گئے ہیں ان ریپڈ بس ٹرانزٹ منصوبوں میں گرین لائن ،اورنج لائن ، یلو لائن ، ریڈ لائن ، بلیو لائن ، براؤن لائن اور کراچی سرکلرریلوے منصوبے شامل ہیں ۔ان منصوبوں کی تکمیل سے کراچی کے شہریوں کو آرام دہ سفری سہولیات میسر آسکیں گی اور کراچی تیزی سے ترقی کرنے والے شہروں میں شامل ہو جائے گا ۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے انفرااسٹرکچر ڈیویلپمنٹ میں یہ تمام منصوبے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں ۔ سرجانی ٹاون سے میونسپل پارک ایم اے جناح روڈ تک 7.21کلو میٹر طویل گرین لائن پر کام نہایت تیز رفتاری سے جاری ہے اور اس میں سے 11.7کلو میٹر بالائی اور جبکہ 10 کلو میٹر زمین پر تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک اچھا سفری نظام کسی بھی ترقی کرتے ہوئے شہر کی پہچان ہوا کرتا ہے اس لئے روشنیوں کے شہر کو اس کی پہچان دینے کے لئے ان تعمیری منصوبوں کا آغاز کیا گیا ہے ۔ امن وا مان کے قیام کے بعد کراچی کی رونقیں لوٹانے کا وقت آگیا ہے اور یہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ اس ضمن میں اپنی بساط کے مطابق ہر ممکن اقدامات کریں ۔ گورنر سندھ کو بتایا گیا کہ گرین لائن اور اورنج لائن منصوبے کے لئے مختص کوریڈور کے اطراف میں یوٹیلٹی کو ہٹانے کاکام مکمل ہوچکا ہے۔ پہلے گرین لائن منصوبہ سرجانی ٹاون سے گرومندر تک تھا جس کی لمبائی 18.4 کلومیٹر تھی جبکہ اب اسے بڑھا کر میونسپل پارک جامع کلاتھ تک کردیا گیا ہے اور اب اس منصوبے کی لمبائی 21.7کلومیٹر ہوگئی ہے۔ گورنر سندھ کو مزید بتایا گیا کہ ناظم آباد سے گرومندر تک کے فیز کا کام 23 فیصد ، جبکہ ناگن سے ناظم آباد تک کے فیز کا کام 30 فی صد مکمل ہوچکا ہے ۔سرجانی سے ناگن تک کے منصوبے پر کام تیز رفتاری سے جاری ہے ۔ گورنر سندھ کو بتایا گیا کہ بورڈ آفس ناظم آباد اور کے ڈی اے چورنگی نارتھ ناظم آباد پر ادارہ فراہمی و نکاسی آب کے پمپنگ اسٹیشنز کو بھی منتقل کیا جارہا ہے اور ان کی استعداد میں بھی اضافہ کیا جارہا ہے۔ گورنر سندھ کو مزید بتایا گیا کہ گرین لائن کے روٹ پر سخی حسن ، فائیو اسٹار ، کے ڈی اے چورنگی پر فلائی اوورتعمیر کئے جائیں گے جبکہ گرین لائن کے تمام اسٹیشنز کو مسافروں کے لئے انتہائی آرام دہ رکھا گیا ہے۔ بزرگ مسافروں اور بچوں کے لئے سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ گورنر سندھ کو مزید بتایا گیا کہ اس منصوبے کو دسمبر 2017 تک مکمل کرلیا جائے گا۔