گرین لائن منصوبہ پر بھی کام جاری رہے ، گورنرسندھ محمد زبیر
کراچی(ملت آن لائن) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ وفاق کے تعاون سے لیاری ایکسپریس وے پر تعمیراتی کام مکمل کرلیا گیا ہے اور منصوبہ کے افتتاح کے لئے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی رواں ماہ کراچی کا دورہ کرینگے جبکہ وفاق کے تعاو ن سے ہی گرین لائن منصوبہ پر بھی تیزی سے کام جاری ہے اور اس منصوبہ کو بھی رواں برس مکمل کرلیا جائے گا ۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے کر اچی گڈز کیریئر ایسوسی ایشن کی دعوت پر پیر کو ایسوسی کے مرکزی دفتر کے دورہ کے موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن کے صدر نور خان نیازی دیگر عہدیداروں سمیت متعلقہ حکام بھی موجود تھے ۔گورنرسندھ نے گڈز کیریئر ایسوسی ایشن کے مسائل ، حائل رکاوٹوں اور درپیش مشکلات سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ معاشی ، اقتصادی ، تجارتی اور سماجی سرگرمیوں میں ٹرانسپورٹ باالخصوص گڈز کیریئر کا کلیدی کردار ہے ، معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں گڈز کیریئر کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتاہے ،گڈز کیریئر ایسوسی ایشن ، اس سے متعلقہ شعبہ جات اور اس روزگار سے وابستہ افراد کو حائل مسائل، رکاوٹوں اور درپیش مشکلات کے خاتمہ کے لئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کو یقینی بنائے گی ، حب ریورروڈ سے ٹرک اسٹینڈ تک کے ڈیڑھ کلومیٹر سڑک کی تعمیر کے ضمن میں وفاقی و صوبائی حکومتوں سے رابطہ کروں گا تاکہ جلد ازجلد مذکورہ سڑک کی تعمیر و مرمت سے معاشی سرگرمیوں میں حائل رکاوٹ و مشکلات کو دور کیا جا سکے۔ انہو ں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی معاشی پالیسی اور واضح حکمت عملی کے باعث پاکستان معاشی خوشحالی کی سمت گامزن ہے اس خوشحالی کے سفر میں ہر اسٹیک ہولڈرکا کردار بڑاواضح ہے ،حکومت معاشی خوشحالی کی رفتار کو مزید تیز کرنے کے لئے صنعتی علاقوں میں انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ، کراچی ترقیاتی پیکج میں انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی کو خصوصی اہمیت حاصل ہے ، لیاری ایکسپریس وے پر تعمیراتی کام مکمل کرلیا گیا ہے اس ضمن میں منصوبہ کے افتتاح کے لئے وزیر اعظم رواں ماہ کراچی کا دورہ کرینگے جبکہ وفاق کے تعاو ن سے ہی گرین لائن منصوبہ پر بھی تیزی سے کام جاری ہے اور اس منصوبہ کو بھی رواں برس مکمل کرلیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ جدید خطوط پر ذرائع نقل و حمل کے حامل منصوبہM-9 سے کراچی سے حیدرآباد تک معاشی ، اقتصادی ، تجارتی اور سماجی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہے یہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ حکومت وفاق ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی یکساں ترقی کے وژن پر گامزن ہے ، صوبہ کے متعدد اضلاع میں وفاقی ترقیاتی پیکج سے معاشی خوشحالی میں تیزی اور سماجی شعبہ جات کی ترقی سے لوگوں کو بنیادی سہولیات حاصل ہو ں گی ۔گورنر سندھ کو ایسوسی ایشن کے صدر اور دیگر عہدیداروں نے ایسوسی ایشن کی سرگرمیوں اور کارکردگی کے حوالہ سے تفصیل سے آگاہ کیا۔ ایسوسی ایشن کے صدر نے گورنر سندھ کو مرکزی دفتر آمد پر خوش آمدید اوران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ معاشی سرگرمیوں میں اضافہ گورنر سندھ کا وژن ہے اور وہ اس کے لئے متحرک کردار بھی ادا کررہے ہیں ۔