خبرنامہ سندھ

گلشن اقبال کراچی سے کالعدم تنظیم کے چار دہشت گرد گرفتار

کراچی: (آئی این پی) کراچی میں پولیس کے اسپیشل انیوسٹیگیشن یونٹ اور حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کر کے کالعدم تنظیم کے چار دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ۔ کراچی میں ایس ایس پی ایس آئی فاروق اعوان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایس آئی یو نے حساس ادارے کے ہمراہ ڈسکو بیکری گلشن اقبال کے قریب کارروائی کی اور کالعدم تنظیم کے 4 دہشت گردوں کو گرفتار کیا ۔ گرفتار ملزمان میں اظہرحسین ، عبدالعدیل ، کاشف علی اور سید عالم شامل ہیں ۔ گرفتار دہشت گرد جعلی پولیس موبائل اور وردی استعمال کر کے قتل ، اغوا اور بھتہ خوری کی وارداتیں کرتے تھے ۔ وارداتوں سے حاصل رقم سے دہشت گردی کے لئے گولہ بارود اور اسلحہ خرید تے تھے ۔ ملزمان تماچی ویب سائٹ کے اشتہارات کے بہانے گھروں گھس کر ڈکیتی کرتے تھے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزمان کسی اعلیٰ شخصیت کے اغوا یا دہشتگردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے ۔ ملزموں کا تعلق کالعدم تنظیم ابوصفیان گروپ سے ہے ۔ ابوصفیان نے وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ کے لئے خوکش حملہ آور تیار کیا تھا ۔