خبرنامہ سندھ

گلوکار سلمان احمد کی جان کو خطرہ

کراچی (آئی این پی) کراچی میں معروف گلوکار سلمان احمد خان کو پولیس نے جان کو خطرہ کے باعث ملک چھوڑنے کا مشورہ دے دیا تاہم سلمان احمد نے ملک چھوڑنے سے انکار کر دیا ۔ سلمان احمد نے گلوکاری کے ذریعے دنیا بھر میں دھوم مچائی اور پاکستان کا نام روشن کیا۔معروف گلوکار سلمان احمد خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کراچی پولیس کے افسر نے انھیں بتایا ہے کہ ان کی جان کو خطرہ ہے ، اس لیے وہ ملک چھوڑ کر بیرون ملک چلے جائیں۔ ان کا کہنا تھا پولیس نے انہیں بتایا ہے کہ پولیو پر بات چیت کرنے پر دہشتگرد نشانہ بنا سکتے ہیں جس کے حوالے سے پولیس کے پاس اطلاعات موجود ہیں۔ سلمان احمد نے بتایا کہ انہوں نے پولیس کو بیرون ملک جانے سے انکار کر دیا ہے۔ سلمان احمد کا کہنا ہے کہ یہ وہی سوچ کہ دہشتگرد ہیں جنہوں نے امجد صابری کو قتل کیا۔واضح رہے گزشتہ دنوں مشہور قوال امجد صابری کو بھی کراچی میں نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔