خبرنامہ سندھ

گورنر سندھ سے گورنر گلگت بلتستان کی ملاقات ‘باہمی دلچسپی کے مختلف امورپر تفصیلی تبادلہ خیا ل

کراچی (ملت + آئی این پی) گورنر سندھ محمد زبیر سے گورنر گلگت بلتستان میر غضنفر علی خان نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی،ملاقات میں جاری صورتحال ،دلچسپی کے مختلف امور،صوبوں میں سیاحت کے فروغ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سمیت اہمیت کے حامل معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیا ل کیا گیا، اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ صوبہ میں امن و امان کے قیام کے بعد غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہورہا ہے،جبکہ سرمایہ کاری کے لئے مزید ساز گار ماحول کے لئے اقدامات اٹھائے جار ہے ہیں اس ضمن میں حکومت سرمایہ کاروں کو بھرپور تعاون و مدد بھی فراہم کررہی ہے ،انہوں نے کہا کہ صوبہ میں کئی دلکش مقامات ہیں جہاں سیاحت کے فروغ کے لئے اقدامات اٹھائے جار ہے ہیں جن میں ضلع دادو کا گورکھ ہل سرفہرست تفریحی مقام ہے جہاں جون و جولائی کے گرم مہینوں میں بھی درجہ حرارت 16 تک رہتا ہے یہ انتہائی پر کشش اور صحت افزا ء مقام ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ میں تاریخی مقامات پر بھی حکومت بھرپور توجہ دے رہی ہے اپنی آئندہ نسلوں تک کے لئے ان مقامات کو محفوظ بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ملاقات میں گورنر گلگت بلتستان میر غضنفر علی خان نے گورنر سندھ کو بتایا کہ گلگت بلتستان میں بھی سیاحت کے فروغ کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں سر سبز اور لہراتے درختوں سے مشہور مقامات سیاحت کے لئے آئیڈیل ہیں،انہوں نے کہا کہ صوبہ زیادہ تر پہاڑی سلسلہ پر ہے اس لئے سفری سہولیات کو سہل بنانے کیلئے ترقیاتی کام بھی جاری ہیں، تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جاسکے۔