خبرنامہ سندھ

گورنر سندھ عمران اسماعیل سے سری لنکا کے قونصل جنرل جی ایل جینا نا تھیوا کی ملاقات، باہمی تعلقات، اقتصادی تعاون میں مزید اضافہ، صوبہ میں سرمایہ کاری کے سازگار ماحول پر تبادلہ خیال

کراچی۔(ملت آن لائن)گورنر سندھ عمران اسماعیل سے سری لنکا کے قونصل جنرل جی ایل جینا نا تھیوا نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں مختلف شعبوں میں پاک سری لنکا تعلقات، اقتصادی تعاون میں مزید اضافہ کی ضرورت، صوبہ میں سرمایہ کاری کے سازگار ماحول کی موجودگی اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ پاک سری لنکا دوطرفہ سفارتی، تجارتی اور ثقافتی تعلقات کئی عشروں پر محیط ہیں، پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں دنیائے کرکٹ میں نمایاں مقام رکھتی ہیں یہی وجہ ہے کہ کرکٹ کا جنون دونوں ملکوں کے عوام میں یکساں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک سری لنکا اقتصادی تعاون میں مزید اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے، امن و امان کے قیام اور سازگار ماحول کے بعد سری لنکا کے سرمایہ کاروں کو ملک کے معاشی حب میں سرمایہ کاری کرکے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہئے جبکہ تجارتی، سماجی اور سرمایہ کاری میں اضافے سے دونوں ممالک کی معیشت کو فائدہ ہو گا۔ ملاقات میں سری لنکا کے قونصل جنرل نے کہا کہ پاک سری لنکا دوطرفہ تعلقات مضبوط و مستحکم ہیں۔