خبرنامہ سندھ

گورنر سندھ محمد زبیر سے جماعت اسلامی کے وفد سے ملاقات

کراچی (املت + ے پی پی) گورنر سندھ محمد زبیر سے جماعت اسلامی کے وفد نے حافظ نعیم الرحمان کی سربراہی میں گورنرہاؤس میں ملاقات کی۔ وفد کے دیگر اراکین میں عبدالوہاب، مظفر احمد ہاشمی، مسلم پرویز، سیف الدین اور زاہد عسکری شامل تھے۔ ملاقات میں صوبہ کی سیاسی صورتحال، شہر کے ترقیاتی منصوبوں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ میرے دروازے تمام سیاسی قوتوں کے لئے کھلے ہیں، سب کو سیاست کے یکساں مواقعوں کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شفاف مردم شماری کے لئے فوج کی مدد لی جا رہی ہے جبکہ انتخابی اصلاحات کے ذریعے منصفانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ کراچی ملک کی معاشی شہ رگ ہے، ملک کی ترقی اس کی ترقی میں مضمر ہے،صوبہ کی ترقی و خوشحالی کے لئے تمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ کروں گا، صوبہ میں آباد تمام افراد کو باہم مل کر سندھ کی ترقی کے لئے کام کرنا ہو گا۔ وفد کے اراکین نے گورنر سندھ کو شہر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال، انتخابی عمل میں درپیش دشواریوں، کے الیکٹرک سے شہریوں کی شکایات اور دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔