خبرنامہ سندھ

گورنر سندھ محمد زبیر سے شیخ الجامعہ ڈاکٹر محمد اجمل خان کی ملاقات

کراچی (ملت + آئی این پی) گورنر سندھ و چانسلر محمد زبیر سے شیخ الجامعہ ڈاکٹر محمد اجمل خان نے گورنر ہا ؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں شیخ الجامعہ ڈاکٹر محمد اجمل خان نے چانسلر محمد زبیر کو جامعہ میں مختلف شعبہ جات میں ہونے والی تحقیق ، فیکلٹی اور طلبہ کی تعداد اور درپیش مسائل سے تفصیلی آگاہ کیا, اس موقع پر گورنر نے کہا کہ ملک کی ترقی و خوشحالی میں جامعہ کراچی سے فارغ التحصیل گریجویٹس نے نمایاں کردار ادا کیا یہ با صلاحیت افراد دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جامعہ سے فارغ التحصیل ہر شعبہ ہائے زندگی میں سب سے آگے ہیں یہی وجہ ہے کہ جامعہ کراچی بین الاقوامی سطح پر ملک کی شناخت و پہچان بن چکی ہے ، جامعہ کے مختلف شعبوں میں ہونے والی عالمی معیار کی تحقیق قابل تحسین ہے اسے مزید بہتر بنانے اور نئے شعبہ جات کے قیام میں ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔