خبرنامہ سندھ

گورنر سندھ کا پیپلزپارٹی میں شمولیت کا کوئی امکان نہیں: منظور حسین وسان

کراچی(ملت + آئی این پی) صوبائی وزیر منظور حسین وسان نے کہا ہے کے گورنر سندھ کا پیپلزپارٹی میں شمولیت کا کوئی امکان نظر نہیں آرہا ہے ،گورنر سندھ جلدجانے والے نہیں ہیں، 2018 کے انتخابات تک اپنے عہدے پر ہی رہیں گے، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کے خلاف اچانک ایسے بیانات کیوں دیے جارہے ہیں، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی ایسے بیانات آتے رہے ہیں مصطفی کمال کا اس میں کوئی نہ کوئی مقصد ضرور ہوگا،وہ بدھ کو اپنے دفتر میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے،منظور حسین وسان نے کہا کہ ایم کیو ایم لندن اور پاکستان مستقبل میں ملکر کام کریں گی ایم کیوایم پاکستان اور لندن ابھی الگ الگ ہیں یانہیں اسے جانچنے کی ضرورت ہے، پیپلزپارٹی عنقریب مستقبل میں کراچی میں سب سے زیادہ سیٹیں لے گی۔ انہوں نے پیشن گوئی کی کہ نومبر اور دسمبر میں کراچی کہ بھی بہت سے لوگ پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کریں گے پیپلز پارٹی کے لیے یہ دوچار ماہ اہم ہیں پیپلزپارٹی ان دنوں میں سیاست کی بلندیوں تک پہنچے گی، پیپلزپارٹی میں بہت سے لوگ آرہے ہیں پر ہمارے پاس وکینسیز نہیں ہیں لوگوں کو شامل کرنے سے پہلے پارٹی میں وکینسیز پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ منظور وسان نے کہا کہ پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پنجاب، بلوچستان اورخیبر پختونخواہ بھی جائیں گے اور ریلیوں کی قیادت کریں گے بھاری اکثریت سے پیپلزپارٹی ملک بھر سے جیتے گی میں نے دیکھا ہے کہ عام انتخابات 2018 سے پہلے نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا کے 18 اکتوبر اور 27 دسمبر دونوں ملک کے بڑے سانحات ہیں، سب کو معلوم ہے کہ اس وقت کس کی حکومت تھی اس کی تحقیقات ہونی چاہیے۔ منظور حسین وسان نے مزید کہا کہ عمران خان کے دھرنے کی دن اور تاریخ کے بارے میں جو پیشن گوئی کی تھی کہ وہ دھرنے کی تاریخ بدلیں گے میری اس پیشن گوئی کو کسی دانشمند نے عمران خان تک پہنچادیا ،عمران خان نے اسلام آباد دھرنے کی تاریخ بدل کر عقلمندی کا مظاہرہ کیا ہے۔