خبرنامہ سندھ

گورنر سندھ کو الزامات سے نکلنے کیلئے معاملات کی تحقیقات کروانی چاہئے: چانڈیو

کراچی(ملت + آئی این پی ) صوبائی مشیر اطلاعات مولابخش چانڈیو نے مصطفی کمال اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کی جانب سے ایک دوسرے پر لگائے جانے والے الزامات کے حوالے سے کہا ہے کہ گورنر سندھ کو اپنے اوپر لگنے والے الزامات کی صاف شفاف تحقیقات کرواکے اپنے آپ کو کلیئر کرنا چاہیے۔ بدھ کو ایک نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے اپنے ردعمل میں کہا کہ کئی برسوں سے عشرت العباد خان گورنر سندھ جیسے اہم منصب پر فائز ہیں اور انہوں نے تمام جماعتوں میں عزت کا مقام حاصل کیا ہے اور وہ سنجیدہ رویہ رکھنے والی شخصیت کے مالک ہیں اور ان کو عزت و احترام کی نگاھ سے دیکھا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے پر الزام لگانے والے رہنما ذکر کردہ سانحات کے وقت میں ایک ساتھ تھے، ڈاکٹر عشرت العباد اس وقت گورنر کے منصب پر ہیں اور انہیں اختیار حاصل ہے کہ وہ معاملات کی تحقیقات کرواکر ملوث افراد کو سزائیں دلوائیں، جس کے نتیجے میں کراچی کا امن مزید بہتر ہوگا۔ مولابخش چانڈیو نے کہا کہ عدلیہ سمیت ملک کے دیگر تحقیقاتی اداروں کو بھی ان الزامات کا نوٹس لینا چاہئے اور تحقیقات کروانی چاہئے۔ انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ سندھ میں بسنے والے سب سندھی ہیں اور اردو بولنے والے بھی سندھی ہیں، سیاسی مفادات حاصل کرنے کیلئے مہاجروں کیلئے کہا جاتا ہے کہ ان سے زیادتی ہو رہی ہے، مہاجر لفظ سیاسی مفادات کیلئے استعمال نہ کیا جائے۔ مشیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ گورنر سندھ عام آدمی نہیں، انہیں مکمل اختیار ہے کہ وہ سانحات کے حوالے سے رینجرز اور پولیس سے تحقیقات کروانے کی شروعات کرکے کراچی کی عوام کیلئے ایک اور اچھا کارنامہ انجام دے دیں، تاکہ امن و امان کی صورتحال مزیدبہتر ہو۔