خبرنامہ سندھ

گورنر کے پی کی میئر کراچی سے ملاقات

کراچی: (ملت+اے پی پی) گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے اولڈ کے ایم سی بلڈنگ میں میئر کراچی وسیم اختر سے ملاقات کی۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر کے پی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان کراچی کی ترقی چاہتے ہیں، کراچی پاکستان کا دل تھا اور ہے۔ اس موقع پر میئر کراچی وسیم اختر نے وزیر اعظم پاکستان سے کراچی کے ترقیاتی کاموں کے لئے خصوصی پیکیج کے اعلان کی درخواست کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اقتصادی راہداری میں بھی کراچی کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچانے کے منصوبے شامل کئے جائیں۔ اس سے قبل گورنر کے پی نے کراچی پریس کلب کا دورہ کیا اور کیماڑی میں مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی ہمایوں محمد خان اور پارٹی کارکنوں سے ملاقات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت وقت اپنی مدت پوری کرنے جا رہی ہے، میاں نواز شریف وعدے کے مطابق، 2018ء تک توانائی بحران کا خاتمہ کر دیں گے۔