خبرنامہ سندھ

گڈانی میں لنگرانداز ایک اور ناکارہ جہاز میں آگ لگ گئی

کراچی: (ملت+اے پی پی) گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں لنگرانداز جہاز میں کٹائی کے دوران دوبارہ آگ بھڑک اٹھی ہے۔ گڈانی شپ بریکنگ یارڈ کے پلاٹ نمبر 60 پر لنگرانداز ہونے والے ناکارہ جہاز میں کٹائی کے دوران دوبارہ آگ بھڑک اٹھی ہے۔ جہاز میں آگ لگنے کی خبر ملتے ہی ریسکیو کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور 70 مزدوروں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ ریسکیوذرائع کے مطابق لنگر انداز ہونے والے ایل پی جی بردار جہاز میں کام کرنے والے مزدوروں کی تعداد 100 سے زائد ہے جن میں سے 70 افراد کو نکال لیا گیا ہے اور باقی مزدوروں کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں تاہم ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاعات نہیں ہیں۔ گزشتہ 2 ماہ قبل بھی گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں ہی ایک ناکارہ آئل ٹینکر میں آگ لگنے سے 27 مزدور جاں بحق جب کہ 58 زخمی ہوگئے تھے۔