خبرنامہ سندھ

گینگ وارکا دھندا: لیاری کی خواتین بھی ڈرگ کوئین بن گئیں

لیاری (آئی این پی) گینگ وار کے گورکھ دھندے نے لیاری کی خواتین کو بھی گینگسٹر بنا دیا ہے ۔ بھائی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ڈرگ کوئن اور لیڈی گینگسٹر سمیرا نے کئی مخالفین کو اغوا کے بعد قتل بھی کرایا ۔ گرفتار ٹارگٹ کلر نعیم عرف لمبو نے گینگسٹر خاندان کی تفصیلات بتا دی ۔ 16 جون کو منگھو پیر کے علاقے سے گرفتار گینگ وار ٹارگٹ کلر نعیم عرف لمبو نے لیاری کے گینگسٹر خاندان کا انکشاف کیا ہے ۔ ملزم کے مطابق گینگسٹر بھائی قیوم عرف چنگاری کے جیل جانے کے بعد گینگ کواس کی بہن سمیرا نے سنبھالا ۔ منشیات فروش بھائی کی طرح ڈرگ کوئن سمیرا بھی منشیات فروخت کرتی تھی ۔ صرف یہی نہیں بھائی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سمیرا نے مخالفین کو اغوا کرکے قتل بھی کرایا ۔ تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق گرفتار ٹارگٹ کلر نعیم عرف لمبو بھی سمیرا کے لئے ہی کام کرتا تھا ۔ نعیم عرف لمبو کے مطابق سمیرا نے مخالف گروپ بابا لاڈلے کے ساتھی جانی کو مارنے کی سپاری دی ۔ پولیس کے مطابق کراچی آپریشن میں تیزی آنے کے بعد سمیرا روپوش ہے جبکہ سزائے موت کا مجرم قیوم عرف چنگاری حب میں پولیس کے ہاتھوں مارا جا چکا ہے ۔