خبرنامہ سندھ

ہسپتال کا ایمبولینس ڈرائیور ٹارگٹ کلر نکلا

کراچی: (ملت+اے پی پی) بھیڑ کی کھال میں چھپا بھیڑیا بے نقاب ہو گیا۔ جان بچانے والے کا روپ دھار کر جانیں لینے کا دھندہ کرنے والا پکڑا گیا۔ سول ہسپتال کا گرفتار ایمبولینس ڈرائیور ٹارگٹ کلر نکلا۔ پولیس اور رینجرز پر حملوں میں ملوث دہشتگرد کی جے آئی ٹی میں سنسنی خیز انکشافات ہوئے۔ ایم کیو ایم لندن گروپ کے شاہد عرف پپا نے پندرہ رکنی ٹارگٹ کلر ٹیم بنا رکھی تھی جس نے کئی افراد کی جانیں لیں۔ جوبلی مارکیٹ، رنچھوڑ لائن اور دیگر علاقوں میں دہشت کی علامت سمجھا جانے والا شاہد نہ صرف گارڈن پولیس ہیڈکوارٹرز پر راکٹ حملے میں ملوث تھا بلکہ لیاری گینگ وار کے عزیر جان گروپ کا رامسوامی میں داخلہ روکنے کیلئے بے دریغ خون بھی بہاتا رہا۔ تفتیش کار کہتے ہیں کہ ملزم رینجرز کے خلاف خواتین کے ذریعے مظاہرے بھی کراتا رہا ہے اور بازاروں سے لاکھوں روپے بھتہ لے کر لندن بھی بھیجتا رہا ہے۔