خبرنامہ سندھ

ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں: وسیم اختر

کراچی:(م،لت+اے پی پی) میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں صفائی ستھرائی کے اختیارات لوکل گورنمنٹ کو حاصل ہوتے ہیں لیکن ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں اور ہمیں کام نہیں کرنے دیا جا رہا۔ کراچی کے علاقے ایف بی ایریا میں واقع ایک نجی اسکول میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وسیم اختر کا کہنا تھا کہ صفائی نصف ایمان ہے اور کراچی کے شہری ہونے کی حیثیت سے اسے صاف کرنے کی جتنی ذمہ داری میری ہے اتنی ہی عوام کی بھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں اور ان بچوں کی جانب سے شہر کی صفائی میں حصہ لینا شاندار اقدام ہے، ہم اداروں میں کرپشن کے خلاف ہیں اور یہ بچے اس معاشرے کو کرپشن فری معاشرہ بنائیں گے۔ وسیم اختر کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں صفائی ستھرائی کے اختیارات بلدیاتی حکومتوں کے پاس ہوتے ہیں لیکن پاکستان واحد ملک ہے جہاں لوکل گورنمنٹ کا گلہ دبا کر رکھا جاتا ہے، ہمارے پاس لوکل گورنمنٹ کے مکمل اختیارات نہیں ہیں، ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں اور ہمیں کام نہیں کرنے دیا جا رہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر کو صاف کرنے کے لئے ہم اپنی جدو جہد جاری رکھیں گے چاہے ہمیں اختیارات دیئے جائیں یا نہ دیئے جائیں۔ میئر کراچی نے کہا کہ کراچی سے کچرے کو صاف کرنے کے لئے ہر سیاسی و مذہبی جماعت اور ہر طبقہ فکر کے لوگ میرے ساتھ ہیں اور ہم کسی ایک جماعت کے لئے نہیں بلکہ پورے شہر کے لئے کام کر رہے ہیں، لوگ ہمیں تنقید کا نشانہ بنانے کے بجائے شہر کو صاف کرنے کی مہم میں ہمارا ساتھ دیں، ہم خود اس شہر کو صاف کریں گے۔