کراچی : میئرکراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ انسداد تجاوزات آپریشن کے خلاف دھرنا غیرقانونی ہے، ہم کسی کا روزگارنہیں چھیننا چاہتے لیکن کراچی پر قبضہ نہیں ہونے دیں گے، عدالتی حکم پرمن وعن عمل کریں گے، مزاحمت کرنے والوں کے خلاف ایکشن ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق میئرکراچی وسیم اختر کی ایمپریس مارکیٹ کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تمام ادارے ایک صفحے پر ہیں، آپریشن کے خلاف کسی قسم کا دباؤ قبول نہیں کریں گے۔
وسیم اختر کا کہنا تھا کہ کراچی کوتجاوزات کاگڑھ نہیں بننےدیں گے، کسی غریب کونقصان نہیں پہنچے گا، لینڈ مافیا کے خلاف آپریشن جاری رہے گا، ہم کراچی کی روشنیاں بحال کرانے آئے ہیں۔
میئرکراچی نے کہا تجاوزارت کیخلاف آپریشن میں رینجرز کا تعاون بھی حاصل ہے، ہم لوگوں کے لیے کام کر رہے ہیں،عوام ہمارے اقدامات سے خوش ہیں، عدالتی حکم پرمن وعن عمل کریں گے، مزاحمت کرنے والوں کے خلاف ایکشن ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایمپریس مارکیٹ کےسامنےموٹرسائیکل پارکنگ بھی قبضہ ہے، جن علاقوں میں بھی تجاوزات کی بھرمار ہے، وہاں کارروائی کریں گے اور کراچی میں تجاوزات نہیں ہونے دیں گے،جن سے معاہدے تھے انہیں کہیں اور جگہ دیں گے، غریب بے روزگارنہیں ہوگا۔
وسیم اختر نے کہا دکان کے لئے 6 فٹ چھپڑا لگانا غیرقانونی ہے، کارروائی کریں گے، دکان کے لئے دکان کے اوپر بورڈ لگانا غیرقانونی نہیں کارروائی کریں گے، جس طرح ماضی میں تجاوزات رہیں وہ اب نہیں ہونے دیں گے۔
میئرکراچی کا کہنا تھا کہ ماضی کی غلطیاں نہیں دہرائیں گے، جوزمینیں کےایم سی نے کرائے پردی تھیں ،انکا لائسنس کینسل کررہے ہیں، جو جگہیں ماضی میں رینٹ پردی گئی تھیں وہ معاہدے ختم کردیئے۔
انھوں نے مزید کہا کہ انسداد تجاوزات آپریشن کے خلاف دھرنا غیرقانونی ہے، ہم کسی کا روزگارنہیں چھینناچاہتے لیکن کراچی پرقبضہ نہیں ہونے دیں گے۔
خیال رہے کراچی کے علاقے صدر میں تجاوزات کے خلاف ہونے والے آپریشن کا آج چوتھا روزہے، بڑے پیمانے پر غیر قانونی دکانوں ، چھجوں اور سائن بورڈز کے خلاف کاروائی جاری ہے